حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجتالاسلام والمسلمین اجاقنژاد نے نیمۂ شعبان کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں اس دن کو ’’امید، انتظار اور انسانیت کے روشن مستقبل کی عظیم عید‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیمۂ شعبان الٰہی وعدۂ عدل، انصاف اور انسانی کرامت کی تکمیل کا دن ہے۔
انہوں نے انقلاب اسلامی کی مہدوی نوعیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں اسلامی انقلاب، دورِ غیبت میں فعال اور بیدار انتظار کا عملی نمونہ تھا، جس نے دین کی احیاء، استکبار کے خلاف مزاحمت اور نئے اسلامی تمدن کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
متولی مسجد جمکران نے کہا کہ یہ مقدس مقام حضرت ولی عصر (عج) کے عاشقوں اور منتظرین کا مرکز ہے، اور ہر سال نیمۂ شعبان کے موقع پر یہاں انقلاب اسلامی کے بعد سب سے بڑا مہدوی اجتماع منعقد ہوتا ہے، جو ملتِ ایران کی اعتقادی قوت اور مہدوی و انقلابی شناخت کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے ان مبارک ایام کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام، شہداء کے خاندانوں، نوجوانوں، دانشوروں اور مذہبی انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ 14 اور 15 شعبان کو مسجد جمکران میں منعقد ہونے والے عظیم جشن اور اجتماع میں بھرپور شرکت کریں۔ اس اجتماع کا شعار ’’مہدی، جانِ ایران‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے ذریعے ایمان، امید، وحدت اور ظہور کے لیے آمادگی کا عملی اظہار کیا جائے گا۔
آخر میں حجتالاسلام والمسلمین اجاقنژاد نے زور دے کر کہا کہ یہ عظیم اجتماع عالمِ اسلام اور دنیا کے تمام مظلوموں کے لیے ایک واضح پیغام ہوگا، جو استقامت، باخبر انتظار، امید اور منجی موعود (عج) کی قیادت میں روشن مستقبل پر ایمان کی علامت ہے۔









آپ کا تبصرہ